Home / جنوبی افریقہ نےپاکستان کوپہلےٹی20میں ہرادیا

جنوبی افریقہ نےپاکستان کوپہلےٹی20میں ہرادیا

Pak South Africa T20

ویب ڈیسک ۔۔ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کی شروعات میں میزبان ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ابتدائی تین بلے باز جلدی آؤٹ ہوگئے۔ ریزا ہینڈرکس 8، رسی وین ڈیر ڈوسن صفر، اور میتھیو بریٹکزے 8 رنز بنا سکے۔

بعدازاں ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا اور 40 گیندوں پر 82 رنز بنائے، جس میں 8 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ جارج لنڈے نے 24 گیندوں پر 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے دو اور سفیان مقیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ تھا۔ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان اور صائم ایوب نے اننگز کو سنبھالا۔ صائم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے، لیکن دیگر کھلاڑی ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔ پاکستان 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 172 رنز بنا سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل از میچ، جنوبی افریقی کپتان ہینرک کلاسن نے وکٹ کی تعریف کی اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان نے کی، اور اسکواڈ میں صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل تھے۔

یہ بھی چیک کریں

Champions Trophy 2025 fusion hybrid model

چیمپئنزٹرافی : پاکستان کی تمام شرائط منظور

چیمپئنز ٹرافی 2025: ہائبرڈ ماڈل پر اصولی معاہدہ، پاکستان کی تجاویز منظور ویب ڈیسک ۔۔ …