ویب ڈیسک کے ذریعے — وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جمعہ کو بیجنگ میں چین کی سرکردہ سرکاری ونجی کمپنیوں کے رہنماؤں سےملاقات کی جنہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کااظہارکیاہے۔
چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی، ہوازہونگ ٹیکنالوجی، زی جیانگ سی پورٹ گروپ، چیلنج اپیرل، ہنان سن واک گروپ، رائل گروپ، چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن، زینگ بینگ گروپ اورچائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
کارپوریٹ رہنماؤں نے وزیراعظم کو پاکستان میں اپنے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا، اور دھاتوں اور کاغذ کی ری سائیکلنگ، توانائی، ٹیکسٹائل، فائبر آپٹکس نیٹ ورکس، ہاؤسنگ، ڈیری اور پانی کے انتظام کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
اپنے ریمارکس میں وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کی تعریف کی۔