ویب ڈیسک ۔۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اِل کی 10ویں برسی کے موقع پر ریاست نے اپنے شہریوں کو 11 دنوں کے لیے ہنسنے، خریداری اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے روک دیا ہے۔
سوگ کے دوران شراب پینے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیارپورٹس کےمطابق شمالی کوریا میں یہ کوئی نیا عمل نہیں ہے۔ ماضی میں بھی اس قسم کی پابندیاں لگائی جاتی رہی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پابندی کے دوران شراب پیتے یا نشے میں دھت پکڑے گئے بہت سے لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا گیا، اور انہیں دوبارہ کبھی نہیں دیکھا گیا۔
ان عجیب و غریب پابندیوں کے تحت، شمالی کوریا کے شہریوں کو سالگرہ منانے یا اس دوران کسی رشتہ دار کی موت ہونے پر سوگ منانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ انتقال کی صورت میں سوگ کی رسومات بعد میں ادا کی جائیں گی۔
کم جونگ اِل نے دسمبر 2011 میں اپنی موت تک شمالی کوریا پر 17 سال حکومت کی اور اقتدار اپنے بیٹے کو دے دیا۔ کم خاندان 1948 سے ملک پر حکومت کر رہا ہے۔