ویب ڈیسک ۔۔ ٹائم میگزین نے ایک بار پھر نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2024 کے لیے "پرسن آف دی ایئر” قراردیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ٹرمپ نے 5 نومبر کے انتخابات میں نائب صدر کاملا ہیریس کو شکست دی تھی۔انہیں سرخ ٹائی اور ایک فکر انگیز پوز کے ساتھ میگزین کے سرورق پر جگہ دی گئی ہے۔
ٹائم میگزین کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز نے وضاحت کی کہ ٹرمپ کو تاریخی واپسی، غیر معمولی سیاسی تبدیلی، اور دنیا میں امریکہ کے کردار کو بدلنے کے لیے 2024 کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال سال کی سب سے بااثر شخصیت کو دیا جاتا ہے، اور اس میں ماضی کے فاتحین میں ٹیلر سوئفٹ، ولادیمیر زیلنسکی اور خود ٹرمپ شامل ہیں، جنہوں نے 2016 میں ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس سال ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر بے دخلی اور بڑے تجارتی ٹیرف عائد کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ دنیا بھر کے اہم تجارتی شراکت داروں کی معیشتوں پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خطرہ ہے۔ ٹائم میگزین کے سرورق اور امریکی صدارت میں واپسی کے بارے میں چند سال پہلے تک کوئی تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ ٹائم میگزین کی جانب سے اس سال شارٹ لسٹ کیے گئے دیگر افراد میں موجودہ امریکی نائب صدر کاملا ہیریس، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، روسی ماہر اقتصادیات یولیا نوالنایا اور حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناوالنی کی بیوہ شامل تھیں۔ نیتن یاہو کی نامزدگی پر غزہ میں اسرائیلی حملوں کی وجہ سے شدید تنقید کی گئی ہے، جن میں اب تک 44,800 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔