ویب ڈیسک ۔۔ بینکنگ سیکٹرمیں بہتری اورصارفین کی شکایات کےفوری ازالےکیلئےاسٹیٹ بینک آف پاکستان نے”سنوائی”کےنام سےایک کسٹمرشکایت سروس اورپورٹل کاآغازکیاہے۔
مرکزی بینک کی پریس ریلیزکےمطابق ، ‘سنوائی’ بینکنگ صارفین کے لیے پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں، مائیکروفنانس بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے خلاف اپنی شکایات کے اندراج کے لیے ون ونڈو آپریشن کے طور پر کام کرے گی ۔
صارفین اب کسی بھی بینکنگ پروڈکٹ، روشن ڈیجیٹل اکاونٹس یا سروس سے متعلق شکایات درج کرسکتے ہیں، سنوائی کو ایک ویب براؤزر کے ساتھ ساتھ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے استعمال میں لایاجاسکتاہے۔ رجسٹرڈ صارفین انگریزی یا اردو میں شکایات درج کر سکیں گے۔
ہر شکایت کا ایک منفرد ٹریکنگ نمبر ہوگا جو صارفین کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بتایا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک نے پہلے ہی بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شکایات کے فوری اور منصفانہ حل کو ٹرن اؤنڈ ٹائمز (ٹی اے ٹی) کے اندر یقینی بنائیں۔
امید ہے کسٹمر کمپلینٹ سروس پورٹل اور ایپ بینکنگ انڈسٹری میں صارفین کے اعتماد کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرےگی۔