ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے بڈنگ کی تقریب میں واحد بولی دہندہ کی پیش کش پر انتظامیہ حیران وپریشان ہوگئی۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی بولی کھولنے کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔ سیکریٹری وزارت نجکاری جاوید پال اور سیکریٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ، چیئرمین بلیو ورلڈ سٹی سعد نذیر،سی ای او بلیو ورلڈ ایوی ایشن میثم رضا، سی ای او بلیو ورلڈ سٹی چوہدری ندیم اعجاز تقریب میں شریک ہوئے۔
بلیو ورلڈ کنسورشیم نے نجکاری کی شرائط کو تسلیم کرتےہوئےاپنی بولی کوجمع کرایا۔ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کم ازکم قیمت 85ارب 30 لاکھ روپے مقررکی تھی۔ دوسری جانب جب پی آئی اےکی نجکاری کیلئےواحدبولی دہندہ کی پیشکش کوکھولاگیاتووہ صرف 10ارب روپےنکلی ، جس پرتقریب میں شریک کچھ لوگوں نےقہقہےبھی لگائے۔
152ارب اثاثوں کی حامل ایئر لائن کیلئے10ارب روپےکی بولی پر پی آئی اے انتظامیہ نے سر پکڑ لیے اور نجکاری کمیشن کے لوگ بھی بڈ دیکھ کر پریشان ہوگئے۔ نجکاری کمیشن نےبولی دہندہ کو اپنی بولی پر نظر ثانی کے لیے 30 منٹ کا وقت دیالیکن بولی دہندہ کنسورشیم نے بولی 10 ارب روپے سے بڑھانے سے انکار کردیا۔
چیئرمین بلیوورلڈ چوہدری سعد نذیرنے کہاپی آئی اے کے لیے اعلان کردہ کم از کم قیمت بہت زیادہ ہے،کم از کم قیمت اور دی جانے والی بولی میں فرق بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاپی آئی اے کے ذمہ 200ارب روپے کے واجبات ہیں۔85 ارب روپے میں تو نئی ایئر لائن کھڑی ہوجائے گی۔
ضابطے کے مطابق نجکاری کمیشن بولی کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔
ایک خبرکےمطابق توقع کےمطابق بولی نہ ملنےپرحکومت قومی ائیرلائن کی بولی کےعمل کومنسوخ بھی کرسکتی ہے۔
واضح رہےکہ ائیرلائن کاتجربہ رکھنےوالی کسی غیرملکی کمپنی نےپی آئی اےکی نجکاری میں دلچسپی ظاہرنہیں کی ۔